کمیونٹی کے رہنما اصول - Duolingo
کمیونٹی کے رہنما اصول
Duolingo زبان سیکھنے والوں کی ایک عالمی کمیونٹی ہے
ہم یقین رکھتے ہیں کہ ہر شخص کو مفت زبان کی تعلیم تک رسائی ہونی چاہیے۔ ہماری ہدایات اس بات پر باہمی سمجھ پیدا کرنے کے لیے ہیں کہ اس کمیونٹی کا حصہ ہونے کا مطلب کیا ہے۔ اگر ان ہدایات میں سے کسی کی پاسداری نہ کی گئی تو ہم کارروائی کریں گے، براہِ کرم غور سے پڑھیں۔
ہمیشہ باادب رہیں
ہم دنیا بھر سے، زبان کے مختلف لیول پر، ایک ہی مقصد کے ساتھ اکٹھے ہوتے ہیں، اور وہ ہے سیکھنا۔ تجسس، سوال کرنا اور ثقافتوں کی سمجھ وہ چیزیں ہیں جن کا ہم جشن مناتے ہیں۔ دوسروں اور ان کے پس منظر کا احترام کریں۔
مہارت کے تمام لیولز پر مدد اور سپورٹ
ہم سب اس سفر میں ایک ساتھ ہیں۔ زبان سیکھنا ایک مشکل کام ہے، جس کے لیے بہت حوصلے اور لگن کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر کوئی غلط گرامر استعمال کرے یا کوئی ایسا سوال پوچھے جس کا جواب آپ کو بالکل واضح لگتا ہو، تو ادب اور سکون سے ان کی مدد کریں۔ آوازیں کسنے اور سیدھی بدتمیزی کرنے سے کوئی کچھ نہیں سیکھتا۔ اگر اچھی بات نہیں کہہ سکتے؟ تو پھر خاموش رہیں۔
علاقائی زبانوں کے اختلافات کو اپنائیں اور شیئر کریں
کسی زبان میں ایک ہی بات کہنے کے کئی الفاظ، لہجے اور انداز ہو سکتے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ زبانوں کے کمالات میں سے ایک ہے۔ ان گفتگوؤں سے کھلے ذہن اور مثبت رویے کے ساتھ پیش آئیں۔
شیئر کرنے سے پہلے سوچیں
ہم آپ کی سلامتی کا خیال رکھتے ہیں۔ دوسری زبان بولنا فطری طور پر سماجی ہے، لیکن براہِ کرم ایسی ذاتی معلومات کے تبادلے یا پوسٹ کرنے سے گریز کریں جن کا غلط استعمال ہو سکتا ہے۔ اس میں آپ کا فون نمبر، عمر، پتہ، وہ وقت جب آپ گھر پر ہوں گے، اسکول کا نام، ای میل، یا کوئی اور ذاتی معلومات شامل ہیں جو آپ کی رازداری کو خطرے میں ڈال سکتی ہیں۔ مختصر یہ کہ ضرورت سے زیادہ شیئر نہ کریں۔ ذاتی ڈیٹا شیئر کرنا اور دوسروں کو ذاتی ڈیٹا شیئر کرنے کی ترغیب دینا اس بات کا سبب بن سکتا ہے کہ آپ کی پوسٹ ہٹا دی جائے، اور ممکن ہے کہ آپ کا اکاؤنٹ بھی ہٹا دیا جائے۔
براہِ کرم Duolingo کو درجِ ذیل مقاصد کے لیے استعمال نہ کریں...
کسی شخص یا لوگوں کے کسی گروہ پر الفاظ یا اعمال کے ذریعے حملہ کرنا
Duolingo ہر پس منظر کے سیکھنے والوں کے لیے ایک محفوظ جگہ ہے۔ ہراسانی اور دل آزاری پر مبنی مواد برداشت نہیں کیا جائے گا۔ نفرت کو فروغ دینے والی علامات، نام اور متن کا استعمال سمیت کسی کو ہراساں کرنا، پیچھا کرنا، نقالی کرنا یا کسی کے بارے میں جنسی تبصرے کرنا، یہ سب بدسلوکی کے زمرے میں آتے ہیں۔ عریانی اور پریشان کن پروفائل تصاویر اور یوزر نیم کے لیے بھی یہی بات لاگو ہوتی ہے۔ جیسا کہ شرائط میں درج ہے، Duolingo اپنی صوابدید پر تصاویر تبدیل کرنے یا ان اکاؤنٹس کو ہٹانے کا حق رکھتا ہے۔ بنیادی اصول: اگر آپ کسی کو نشانہ بنا رہے ہیں یا اسے دکھی کر رہے ہیں، تو آپ کو یہ نہیں کرنا چاہیے۔ ہم ایسی رپورٹس کو سنجیدگی سے لیتے ہیں اور اگر ہماری ٹیم اس طرح کی سرگرمی کی تصدیق کر دے، تو بغیر پیشگی اطلاع آپ کا اکاؤنٹ ڈیلیٹ کیا جا سکتا ہے۔
اسکرپٹ کرنا یا بدنیتی سے دھوکہ دینا
Duolingo دیانت داری سے سیکھنے پر یقین رکھتا ہے۔ اگر آپ دھوکہ دہی کے مقصد کے لیے اسکرپٹس بنا رہے ہیں، یا Duolingo کے استعمال کے بارے میں ایسی معلومات اور ہدایات شیئر کر رہے ہیں جو نظام، کمیونٹی، سیکھنے، ڈیٹا یا تجربے پر منفی یا نمایاں طور پر اثر انداز ہو سکتی ہیں، تو آپ کا اکاؤنٹ اور آپ کی پوسٹس ہٹا دیے جا سکتے ہیں۔
اشتعال انگیز تبصرے لکھیں
نفرت انگیز، فحش اور موضوع سے ہٹ کر تبصرے سیکھنے میں کوئی فائدہ نہیں دیتے۔ گالی دینا بھی سیکھنے میں کوئی فائدہ نہیں دیتا (ایسے الفاظ لوگوں کو حقیقی دنیا میں خود دریافت کرنے دیں)۔ زبان کی بحثوں سے انہیں دور رکھیں۔
خلاصہ یہ ہے
ہم درج ذیل قسم کے مواد کو برداشت نہیں کرتے:
- غیر قانونی
- فحش آمیز
- انتہائی فحش یا پُرتشدد
- اسپام
- دھمکی آمیز، ہراساں کرنے والا یا غنڈہ گردی پر مبنی مواد
- نسل پرستی یا عدم رواداری سے متعلق
- کسی کی گمراہ کن یا دھوکے پر مبنی نقالی کرنے والا مواد
- ذاتی خفیہ معلومات
براہِ کرم خامیاں تلاش کرکے ان سے فائدہ اٹھانے میں اپنا وقت ضائع نہ کریں۔ ہم ایسے تمام مواد کو ہٹا دیں گے جو ان رہنما اصولوں کی روح کے خلاف ہو، اور آپ پیشگی اطلاع کے بغیر Duolingo تک اپنی جزوی یا مکمل رسائی سے محروم ہو سکتے ہیں۔ ان رہنما اصولوں پر عمل کرکے ہم سب مل کر ایک دلچسپ اور مددگار تعلیمی برادری تشکیل دے سکتے ہیں.